(روزنامہ جرأت)مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پول بی کے ایک اہم میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا جہاں 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔تاہم پاکستان کی قومی جونیئر ٹیم نے دوسرے ہاف میں زبردست کم بیک کیا اور ملائیشیا کے دفاع کو تہس نہس کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں ندیم خان کے شاندار گول سے شروع ہوا جس نے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کر کے اسکور 1-5 کر دیا۔
میچ کے 54ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا لیکن پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 2-5 سے فتح اپنے نام کی۔پاکستان کی ابھی تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے یہ تیسری فتح ہے۔




