(روزنامہ جرأت)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جہاں کھڑی ہے، وہیں رک جائے، بصورت دیگر جمعیت علماء اسلام سڑکوں پر آئے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلوں کا رخ بھی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جیلیں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے، ہم مقابلہ کریں گے، تاہم ہمارا مقابلہ سیاسی میدان اور سیاسی انداز میں ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود مرکز میں نماز جمعہ کی ادائیگی اور امامت کے بعد کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں بلکہ بڑے طریقے، تدبر اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ کارکن متحد، متفق اور ایک صف میں رہیں، کسی کی طاقت آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ ان شاء اللہ ہم مخالفین کی طاقت کو خاکستر کرکے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جماعت کو مشکل حالات کا سامنا ہے، تاہم کارکنوں کو اتحاد اور اتفاق برقرار رکھنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر قائد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو کارکن مزاحمت کریں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے بھی الزام عائد کیا کہ حکومت میں شامل بعض افراد جمعیت علماء اسلام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔مفتی محمود مرکز میں نماز جمعہ کے موقع پر کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جس کے باعث مسجد اور مرکز میں جگہ کم پڑ گئی، گنجائش پوری ہونے پر مرکز کا گیٹ بند کردیا گیا، جبکہ باہر بھی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود رہی مرکز کی سیکیورٹی کے انتظامات انصار الاسلام نے سنبھالے ہوئے تھے، جبکہ پولیس کی دو گاڑیاں مرکز کے باہر موجود تھیں۔ مرکز میں داخل ہونے والے افراد کی تلاشی لی جا رہی تھی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنوں نے اللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




