اسلام آباد:(روزنامہ جرأت) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہےکہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم اورنائب وزیراعظم کے مختلف ملکوں کے ہم منصبوں سے رابطے ہوئے، پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس دوران خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ترجمان کا کہنا تھاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے، سفارت کاری امن کا واحد راستہ ہے جب کہ امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف ہیں۔ طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں نائب وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کاحامل ہے، پاکستان اور چین کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جب کہ بحری راستوں خصوصاًآبنائے ہرمز میں جہازرانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ چین اور پاکستان کے مشترکہ پانچ نکاتی امن منصوبے کو عالمی اور خطے میں پذیرائی حاصل کی، منصوبہ ایران، امریکا اور دیگر متعلقہ فریقین تک پہنچایا گیا، امریکی قیادت نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سہولت کاری کا کردار سراہا جب کہ آئندہ مرحلے میں متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات پر توجہ دی جائے گی۔




