raza ullah

ٹیم میں نام آیا تو پاسپورٹ تک نہیں تھا، رضااللہ کے انگلینڈ پہنچنے کا حیران کن سفر

(روزنامہ جرأت)پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں ڈیبیو کرکے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔مردان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے ٹیسٹ کرکٹ کی صرف چوتھی گیند پر تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین بیٹر جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق جب انہیں انگلینڈ کے دورے کے لیے منتخب کیا گیا تو ان کے پاس پاسپورٹ تک موجود نہیں تھا۔سلیکٹرز نے رابطے کی کوشش کی مگر نوجوان کرکٹر کا فون بند تھا جس کے بعد مبینہ طور پر ایک کوچ کو ان کے گاؤں بھیجا گیا۔ہنگامی بنیادوں پر پاسپورٹ اور ویزا کا انتظام کیا گیا اور رضا اللہ انگلینڈ پہنچے جہاں انہیں صرف اسکواڈ کا حصہ بنانے کے بجائے فوری طور پر پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا۔
انہوں نے اپنی رفتار سے بھی متاثر کیا اور ابتدائی اوورز میں 92 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار سے گیند کرائی۔ دن کے اختتام تک وہ دو وکٹیں حاصل کرچکے تھے۔رضا اللہ نے گزشتہ نومبر میں قائداعظم ٹرافی میں پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا جبکہ اس سے قبل مردان ڈسٹرکٹ ٹیم سے کھیلتے ہوئے پشاور ریجن کے کوچ عبدالرحمان کی نظر میں آئے تھے۔رضا اللہ کی شاندار بولنگ کے دنیا بھر سے سابق کرکٹرز سمیت بھارتی ناقدین بھی معترف نظر آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں