(روزنامہ جرأت)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو با آسانی 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔200 رنز کےہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نمیبیا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ مرزا سلمان اور خواجہ نافع کو موقع دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا لیکن 40 رنز پر صائم ایوب 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا بھی 23 گیندوں پر 38 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ خواجہ نافع نے 5 رنز اسکور کیے۔دوسر ی جانب صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے، صاحبزادہ فرحان 100 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان نے بھی 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے 2 جبکہ گرہارڈ ارسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 200 رنز کےہدف کےتعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 97 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔نمیبیا کی جانب سے اسٹینکیمپ 23 اور ایلکزینڈر 20 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے19رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔عثمان طارق نے 16 رنز دےکر 4کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔اس کامیابی کے ساتھ ہی گروپ اے سے پاکستان نے بھارت کے ساتھ سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔




