operation street fight begins in peshawar

پشاور میں “آپریشن اسٹریٹ فائٹ‘‘ کا آغاز، چار پولیس مقابلوں میں تین ڈکیت ہلاک، ایک زخمی

پشاور:(روزنامہ جرأت) پشاور پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف “آپریشن اسٹریٹ فائٹ‘‘ کا آغاز کردیا، آج مقابلوں میں تین خطرناک ڈکیت ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔
پشاور پولیس کے مطابق تھانہ پھندو، تھانہ فقیر آباد، تھانہ پہاڑی پورہ اور تھانہ پشتخرہ کی حدود میں سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب خطرناک اسنیچرز کے ساتھ پولیس مقابلے ہوئے۔فقیر آباد پولیس مقابلے کے دوران پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور سرکاری پولیس موبائل پک اَپ کو گولیاں لگنے سے نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
ہلاک سنیچرز میں ناصر عرف گڑہ ولد مشتاق سکنہ پھندو، زاہد ولد شیر خان سکنہ چارسدہ حال لعل دین کالونی اور نعیم ولد شاکر سکنہ ہزار خوانی شامل ہیں جبکہ عبد الرحمن ولد تاج محمد سکنہ یوسف آباد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ہلاک سنیچرز خونی رہزنی، ڈکیتی، سرکاری ملازم کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملوں، آئس فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے، اسٹریٹ فائٹ آپریشن کے دوران اسلحہ اور مسروقہ موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔پولیس مقابلوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں