(روزنامہ جرأت)190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کی۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے متفرق درخواست سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مانگی۔ عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا۔ سلمان صفدر کی درخواست پر عدالت نے ملاقات کل دوپہر دو بجے کرانے کی ہدایت جاری کی۔اسپیشل پراسیکیوٹر نے سماعت پیر تک مقرر کرنے کی استدعا کی تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اپنی مصروفیات دیکھ کر تاریخ مقرر کرتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کلائنٹ سے ملاقات کر لیں، اپیل بھی فکس کر دیں گے اور اگر دلائل شروع ہوئے تو سات دن میں اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواست پہلے سننے کی استدعا بھی کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ وکیل جیل میں ملاقات کے بعد عدالت کی معاونت کریں، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




