hajj

حج 2026: عازمین کیلئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت) حج 2026 میں عازمین کیلئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے پاک حج ایپ پر میڈیکل سوالنامہ جاری کردیا گیا ہے ۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق طبی سوالنامہ جمعہ تک مکمل کرنا ہوگا جس میں عازمین حج کو امراض سے متعلق “ہاں” یا “ناں” میں جواب دینا ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ سوالنامہ عازمینِ حج کو مربوط طبی سہولیات کی فراہمی میں معاون ہوگا، سوالنامے میں بلڈ پریشر، امراض قلب اور شوگر کے بارے میں دریافت کیا گیا ہے، عازمین حج کو دمہ ،گنٹھیا اور تھائی رائیڈ کے بارے میں فارم بھر کر بتانا ہوگا۔دوسری جانب پاک حج موبائل ایپ پر حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کردیا گیا ہے جب کہ موبائل ایپ پر حج پروازوں کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے ۔پاک حج ایپ پر مرحلہ وار نئی معلومات شامل کی جا رہی ہیں لہٰذا عازمین حج اعلانات کیلئے پاک حج موبائل ایپ دیکھتے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں