(روزنامہ جرأت)عالمی جنگی حالات کے باعث معیشت متاثر ہے اور پیٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا تاہم حکومت نے تخمینے سے کم اضافہ کیا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اور مثالی گاؤں پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پراجیکٹس کا پکٹوریل وزٹ کیا اور مون سون سے پہلے نکاسی آب کے پراجیکٹ مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پانی کی کمی، بروقت نکاسی، سیوریج اور زیر زمین پانی کی سطح بچانے کے لیے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 358 انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک کا جال بچھایا جائے گا جبکہ شہروں میں بارش کے پانی کے بروقت نکاس کے لیے 34 بڑے انڈر گراؤنڈ اسٹوریج واٹر ٹینک بنائے جائیں گے اور ان کے ساتھ زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری کے لیے ری چارج ویل بھی بنائے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 6 ہزار ایک سو کلومیٹر سٹریٹ اور سیوریج بنایا جائے گا جبکہ مختلف شہروں میں نکاسی آب کی بہتری کے لیے 61 ڈسپوزل اسٹیشن کی بحالی اور 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ پنجاب میں 328 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے جبکہ مختلف شہروں میں 3498 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی اور 14679 مقامات پر اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ گلیوں اور راستوں پر 33 ملین مربع فٹ ٹف ٹائل بچھائی جائیں گی اور نکاسی آب اور دیگر امور کے لیے 526 جدید ترین مشینیں اور ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا، ڈی جی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ میں پی ڈی پی پراجیکٹ شروع ہو چکا ہے جبکہ جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ اور راولپنڈی میں بھی پراجیکٹ شروع کیے جا رہے ہیں۔مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت 485 دیہات میں 59 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمیں بنائی جائیں گی اور پنجاب کے 200 دیہات میں منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت یقینی بنانے اور دیہات میں ترجیحاً پختہ گلیاں بنانے کی ہدایت بھی کی جبکہ گجرات اور سیالکوٹ میں ڈرینج پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں اور شہروں کے علاوہ دیہاتوں میں بھی ترقی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگہبان رمضان کارڈ کے تحت 25 لاکھ 3 ہزار 897 کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں اور 42 لاکھ خاندانوں تک یہ سہولت پہنچانی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور تقریباً 500 ارب روپے سے پنجاب میں سیوریج کا نظام بنایا جا رہا ہے۔ تمام ٹھیکے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کیے گئے جس سے 13 ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ مون سون کے تمام پراجیکٹ مون سون سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی جنگی حالات کے باعث معیشت متاثر ہے اور پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا تاہم حکومت نے تخمینے سے کم اضافہ کیا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی قیمتیں کم ہو جائیں گی جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ کسی کو بھی پٹرول ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔




