moonramzan

سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا،کل پہلا روزہ ہوگا

(روزنامہ جرأت)سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 18 فروری بروز بدھ پہلا روزہ ہوگا۔
رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے حوطہ سدیر کے مقام پربڑا اجلاس ہوا ، سعودی عرب میں 7 دیگرمقامات پربھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوئے جن میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین نے شرکت کی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مملکت میں رمضان کا چاند دیکھنےکے لیے پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق مملکت میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور بدھ 18 فروری 2026 یکم رمضان 1447ہجری ہوگا۔ سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر میں بھی یکم رمضان بدھ 18 فروری کو ہونےکا سرکاری اعلان کردیا گیا ہے۔ سرکاری اعلان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھی یکم رمضان المبارک بدھ 18 فروری کو ہوگا۔
ادھر ملائیشیا اور ترکیے میں چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں 19 فروری کو یکم رمضان کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سنگاپور، برونائی، آسٹریلیا اور عمان میں بھی رمضان کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔دوسری جانب پاکستان میں چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا۔ترجمان سپارکو کے مطابق یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونےکا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں