sameenranaandshaheenafridi

شاہین نے کسی کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کیا، ہم نے کپتان کو جرمانہ کرکے مثال قائم کی: ثمین رانا

(روزنامہ جرأت)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ثمین رانا نے شاہین آفریدی اور سکندر رضا پر مبینہ طور پر سیکیورٹی حصار توڑنے کے حوالے سے کہا کہ شاہین نے کسی کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے زبردستی بندے چھڑائے تھے.لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے کہا کہ ہوٹل میں جو واقعہ ہوا وہ ذرا ہٹ کر رپورٹ ہوا ہے، ہم سیکیورٹی پروٹوکولز کا خیال رکھتے ہیں اور سیکیورٹی کی وجہ سے یہ میچز ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کپتان کو جرمانہ کرکے مثال قائم کی اور ایک پیغام سب کو دینے کی کوشش کی ہے، تنازعات ہو جاتے ہیں، گروپ کی شکل میں ہیں اس حوالے سے کارروائی ہو بھی رہی ہیں یہ سب چلتا رہتا ہے۔
ثمین رانا کا کہنا تھا کہ پہلا میچ اچھے انداز میں جیتے جس سے اعتماد ملا البتہ دوسرے میچ میں فائٹ کی اور لو اسکورنگ رہا مگر مجھے ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ٹیم ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کی فیملی متحد ہے اور چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہے، امید کر رہا ہوں کارکردگی کا تسلسل رہے گا۔کراچی کنگز کے خلاف میچ میں بال کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر ثمین رانا نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے میچ آفیشلز اپنا کام کر رہے ہیں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ ہمارے دائرہ اختیار میں اس کو کنٹرول کریں، جو فیصلہ ہو گا ہم اس کو عزت دیں گے کیونکہ ہم نے کھیل کو ہمیشہ عزت دی ہے۔
ثمین رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز واحد فرنچائز ہے جس کا کسی بورڈ کے ساتھ معاہدہ ہے، زمبابوے کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ ہے اور اسی کے تحت ان کے پلیئرز آئے ہیں وہ یہاں ٹریننگ کے لیے موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں