youm-e-pakistan

ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)آج پوری قوم 86 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے، یوم پاکستان کے موقع پر آج ملک میں عام تعطیل ہے۔یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔
اس مرتبہ مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منائی جا رہی ہے، اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئی جبکہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب بھی سادہ اور پروقار منعقد کی گئی۔یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سیکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سیکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی۔ تقریب نے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قومی جوش و جذبے کو مزید تقویت دی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد شاہد افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ائیرمین اکیڈمی کورنگی کریک تھے۔مہمانِ خصوصی نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
وفاقی دارالحکومت کی طرح ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات سادگی اور کفایت شعاری کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ یوم پاکستان 23 مارچ 1959 کو منایا گیا۔ قیام پاکستان کے بعد 1948 سے 1955 تک یہ دن معمول کی طرح تھا۔قیام پاکستان کے سات سال بعد صدر اسکندر مرزا اور وزیراعظم چوہدری محمد علی کی قیادت میں 23 مارچ 1956 کو ملک کا اپنا تیارکردہ نیا آئین نافذ ہوا۔
نیا آئین بنا کر نافذ کرنا بہت بڑی کامیابی تھی، لہٰذا حکومت وقت نے اسے ہمیشہ کےلیے یادگار دن قرار دیا اور فیصلہ کیا کہ اب سالانہ سرکاری سطح پر یہ دن یوم جمہوریہ کے نام سے 23 مارچ کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں