russiaunspokesperson

ٹرمپ نے ایرانی رجیم چینج کا پاگل پن نہ چھوڑا تو تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، روس

ماسکو:(روزنامہ جرأت) روس کی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ اور سابق صدر دمتری میدودیف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ نے ایران میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش جاری رکھی تو اس کے سنگین عالمی نتائج نکل سکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں میدودیف نے کہا کہ ایران امریکی اور اسرائیلی حملے برداشت کر سکتا ہے، تاہم ان حملوں نے ایرانی قوم کو مزید متحد کر دیا ہے۔ ان کے بقول ایران اب دگنی توانائی کے ساتھ جوہری صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے باعث امریکا اور اسرائیل نے اپنے شہریوں کو زیادہ خطرے میں ڈال دیا ہے۔ میدودیف کے مطابق یہ جنگ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی عالمی بالادستی برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔
سابق روسی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کا ’پاگل پن‘ نہ روکا گیا تو تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہو سکتا ہے اور کوئی بھی واقعہ اس کا نقطہ آغاز بن سکتا ہے۔انہوں نے یورپی رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ روس کے ساتھ جوہری تنازع کی کیا قیمت ہوگی۔ ان کے مطابق اگر نیوکلیئر جنگ ہوئی تو اس کے نتائج ماضی کے ایٹمی حملوں سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں