pakistansuperleague

پی ایس ایل: خالی اسٹیڈیمز دیکھ کر دل دکھتا ہے، شائقین کی واپسی ہونی چاہیے، فرنچائز مالکان

(روزنامہ جرأت)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے خالی اسٹیڈیمز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ لیگ کے آغاز سے اب تک اس کا حصہ رہنے کے ناطے یہ منظر دل کو دکھ پہنچاتا ہے۔سلمان اقبال نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو دوبارہ اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت دی جائے تاکہ کھیل کی رونقیں بحال ہو سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی اصل خوبصورتی عوام کے جوش و خروش سے وابستہ ہے اور جب تک تماشائی موجود نہ ہوں، مقابلوں کا لطف ادھورا رہتا ہے۔کراچی کنگز کے مالک نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اسٹیڈیمز ایک بار پھر مکمل گنجائش کے ساتھ بھرے نظر آئیں گے اور کرکٹ کا حقیقی ماحول واپس آئے گا۔آخر میں انہوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے قومی جذبے کو اجاگر کیا۔
ان کی اس ٹوئیٹ کی تائید کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے نئے مالک گوہر شاہ نے کہا ’ایک ہزار فیصد ہم شائقین کی واپسی چاہتے ہیں‘۔.
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا تھا کہ شائقین کے بغیر پی ایس ایل ادھورا ہے۔ہم وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے درخواست کرتے ہیں کہ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔حیدرآباد کنگزمین کے مالک فواد سرور نے کہا کہ ہے ہم اپنے پہلے پی ایس ایل میں شائقین کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے، ہم اپنے شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتے۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کروڑوں شائقین کے دلوں کی دھڑکن اور قوم کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے تاکہ یہ قومی خوشی قوم کو جوڑنے میں مددگار ثابت ہوسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل شائقین کے بغیر ادھورا ہے، ہم وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کرتے ہیں کہ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔راولپنڈیز کے سی ای او احسن طاہر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جو بطور قوم ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ اسٹیڈیم آنے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ ان کی بھی اسٹیڈیم آنے میں مدد کریں جو استطاعت نہیں رکھتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں