electrictypriceincrease

کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی؛ قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)شہر قائد سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی، اس حوالے سے قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک بار پھر مہنگی کردی گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 42 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ فروری 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا اطلاق صارفین پر اپریل کے بلوں میں ہوگا اور اضافہ شدہ رقم اسی ماہ وصول کی جائے گی۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس اضافے سے مستثنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیپرا نے فروری کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے اب جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں