کراچی: یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ یو اے ای اگلے 10روز میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔
یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اگلے 10روز میں پاکستان کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا عمل شروع ہوجائیگا، سی پیک میں اشتراک کیلیے بھی تیار ہیں۔
یو اے ای کے قونصل خانے میں متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی نے صحافیوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت کی بحالی کیلیے راہیں ہموار کر رہے ہیں، یو اے ای
اس موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ یو اے ای پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کریگا،اگلے 10 دنوں میں بڑی سرمایہ کاری شروع ہو جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں پاکستان کے لیے نیا سال بہت روشن ہوگا،پاکستان کہے گا تو سی پیک میں بھی اشتراک کریں گے، پاکستان میں سرمایہ کا اہم مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے۔
کراچی کو برآمدات کا حب اور فری ٹریڈ زون بنایا جائے گا ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ کراچی سے سینٹرل ایشیا کے ممالک کو برآمدات کی جائے گی،پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہے اور یو اے ای حکومت پاکستان کے تاجروں کو سپورٹ کرنے کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔