اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں پولیس اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری عمر حمید نے سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی کو مراسلہ ارسال کیا، جس میں عام انتخابات کے دوران تمام صوبوں میں پولیس اہلکاروں کی نفری کی کمی کا بتایا گیا اور پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسٹیٹک تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 3 لاکھ 28 ہزار 510 اہلکار دستیاب ہیں اور 2 لاکھ 77 ہزار 558 اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ الیکشن میں ملک بھر میں 5 لاکھ 91 ہزار 106 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کو سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلیے یقینی بنایاجائے، پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور اسٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت ساڑھے 4 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ اس وقت اسلام آباد میں 9 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار 5 سو پولیس اہلکار دستیاب ہیں جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار110 اہلکاروں کی کمی ہے، یوں پنجاب میں 2 لاکھ 77 ہزار 610 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 1500، رینجرز کے 1500 اہلکاراور آزاد کشمیر پولیس کے 1500اہلکاروں کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 49 ہزار 77 اہلکاروں کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا کے پاس اس وقت 92 ہزار 360 اہلکار موجود ہیں جبکہ صوبے میں 56 ہزار 717 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں اس وقت ایک لاکھ 23ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، سندھ کے پاس اس وقت ایک لاکھ 5 ہزار پولیس اہلکار موجود ہیں، سندھ میں اس وقت 33ہزار 462 اہلکاروں کی کمی ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں اس وقت 31 ہزار 919 اہلکاروں کی ضرورت ہے، بلوچستان میں 18 ہزار 150 اہلکار دستیاب ہیں، بلوچستان میں اس وقت 13 ہزار 769 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق اہلکاروں کی کمی کو پاکستان آرمی اورسول آرمڈ فورسز کےذریعے پورا کیاجائے، پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کو پولنگ اسٹیشن پر اسٹیٹک موڈ تعیناتی کیلیے ریکوزیشن کیا جائے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پاک فوج اور دیگر آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کی تعیناتی ضروری ہے۔