لاہور: پنجاب حکومت نے چنگ چی رکشہ کو قانونی حیثیت دینے کے لیے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ چنگ چی / موٹر سائیکل رکشہ کو تھری ویلر کے طورپر رجسٹر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چنگ چی رکشہ کو قانونی حیثیت دینے کے لیے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ موجودہ موٹرسائیکل رکشہ کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اسپیشل رجسٹریشن اتھارٹی کا درجہ دیا جائے گا۔
عارضی رجسٹریشن کے بعد موٹر سائیکل رکشے کووضع کردہ سائز او رڈیزائن کے مطابق تبدیلی کے لئے 4 ماہ دئیے جائیں گے، 4ماہ کے بعد موٹرسائیکل رکشہ فٹنس سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد ایکسائز سے رجسٹریشن نمبر حاصل کرسکے گا، موٹرسائیکل رکشے کی رجسٹریشن کا عمل آسان تر اور فارم اردو میں شائع کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب میں تعمیر ہونے والی 18 بڑی روڈز انفرسٹرکچر کو مستقل طور پر محفوظ بنانے کی منظوری بھی دی گئی، 18 بڑی روڈز سے حاصل ہونے والے ٹول کو متعلقہ سڑک کی تعمیر ومرمت پر ہی خرچ کیا جاسکے گا، اجلاس میں پنجاب کابینہ نے 18 بڑی روڈز کے ٹول کی رنگ فنسنگ کی منظوری بھی دے دی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنزایکٹ 2003کے تحت میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دینے اور
ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مینجمنٹ کے لیے انتظامی کمیٹی کی منظوری بھی دی گئی۔
رجب طیب اردوان اسپتال مظفر گڑھ میں نرسنگ کالج کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی، کابینہ نے نرسنگ کالج کے آپریشنل اخراجات کے لئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری بھی دے دی، اس کے علاوہ رجب طیب اردوان اسپتال میں نرسنگ کلاسز جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ساہیوال میں رحمت اللعالمین بلاک کو ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی، ساہیوال میں 180 بیڈز کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جلد فنکشنل کیا جائے گا۔
داتا دربار کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، پولیس رولز کی ذیلی شقوں میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی، مینجمنٹ پے سکیلز 2023 کو وفاقی حکومت کے برابر کرنے کی منظوری دی گئی۔