اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے انسداد منشیات کے سلسلے میں اہم کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق گرفتار منشیات فروشوں کی شناخت مبشرحسین، مدثرعلی، افضال حسین کے نام سے ہوئی جو بری امام کے رہائشی ہیں، اور ان کے قبضے سے11900 گرام منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے منشیات یونیورسٹی کےجنگل میں کھدائی کرکےگیلنوں کے اندر چھپائی ہوئی تھی، ملزمان کے انکشاف پر پولیس نے چھاپہ مارکر ملزمان کے گھروں اور جنگل سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان قائد اعظم یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔
دریں اثنا آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے پولیس ٹیم کو منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے پر شاباش دی ہے۔