آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت درمیان اہم مقابلہ امریکا کے شہر نیویارک میں کروانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاک بھارت میچ سے متعلق آئی سی سی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ٹیموں کا میچ نیویارک میں کراویا جائے۔
ایزن ہاور اسٹیڈیم نیو یارک سے 25 کلومیٹر دور لانگ آئی لینڈ میں ہے جہاں محض 34 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی وقت کے مطابق بھارت کے میچز الصبح کروائے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ فلوریڈا اور ٹیکساس ورلڈکپ مقابلوں کے میزبان ہوں گے تاہم ایونٹ کا فائنل ویسٹ انڈیز کے شہر بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب دبئی میں ہونے والے اہم اجلاس میں آج آئندہ برس شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کے شیڈول کو حتمی شکل دیئے جانے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے مشترکہ میزبان امریکا اور ویسٹ انڈیز ہیں۔
اس سے قبل یکم دسمبر کو ویسٹ انڈیز کے رکن ملک ڈومینیکا نے میگا ایونٹ کے میچز کی میزبانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا، جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ورلڈکپ کیلئے مقررہ وقت پر انفرا اسٹرکچر تیار نہیں کرسکتے، اس وجہ سے میگا ایونٹ سے دستبردار ہورہے ہیں۔