راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے دورے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو سراہا۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی تمام کاوشوں کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیر اور غزہ کی صورت حال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک امن ممکن نہیں، جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازع کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورۂ امریکا میں اہم ملاقاتیں
آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھات کایہ یکطرفہ اورغیرقانونی اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ غزہ پر اسرائیلی جنگ کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خاص طور پر ان نہتے اور معصوم فلسطینیوں کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا، جنہیں اسرائیلی فوج کی جانب سے بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں خاطر خواہ انسانی امداد بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
بعد ازاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا یو این ہیڈکوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔