اسلام آباد: افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید، نشان حیدر کے 52ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک-بھارت جنگ 1971کے دوران واہگہ بارڈر پر لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلا خوف و خطر دشمن کی توپوں کو خاموش کرایا۔
زخموں سے بے نیاز لانس نائیک محفوظ شہید نے آگے لپک کر بھارتی مشین گنر کا گلا دبوچ کر اُسے موت کے گھاٹ اُتارا۔ میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کا جرات مندانہ اقدام مادرِ وطن کے تمام محافظوں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
بِلا شُبہہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔ پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلیے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔