لاہور ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق چئیرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہے اس عدالت کا دائرہ اختیار اسلام آباد اور راولپنڈی کا ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق فل بینچ کو آگاہ کیا۔وکیل ای سی پی نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ نے توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن 8 دسمبر کو جاری کیا۔
سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار جب لاہور میں تھا اس وقت نوٹسز زمان پارک میں وصول کروائے گئے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کےلیے کل کیس مقرر ہے۔