لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کے کارکنان کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا۔
لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کارکن کامریڈ زبیدہ شاہین کے گھر پر عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، ہم دوبارہ سے لاہور میں پیپلزپارٹی کو منظم کرنے کیلیے محنت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ ان ہی تین چیزوں (مہنگائی، بے روزگاری اور غربت) سے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے جسے مسترد کرنا ضروری ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بہت بہادر ہیں، پی پی وہ جماعت ہے جس کے کارکن ضیا اور مشرف کی آمریت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے جبکہ نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنان کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا۔
قبل ازیں کامریڈ زبیدہ شاہین کے گھر پہنچنے پر کارکنان نے بلاول بھٹو زرداری کو امام ضامن باندھا گیا، خواتین کارکنان نے بلاول بھٹو زرداری کو ڈھیروں دعائیں دیں اور محبت کا اظہار کیا۔ زبیدہ شاہین نے کہا کہ بلاول کی شکرگزار ہو جنہوں نے میرے گھر آ کر میری عزت افزائی کی۔