لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور کابینہ میں 100 فیصد جاگیردار اور سرمایہ کار موجود ہیں۔
سراج الحق نے لاہور میں ریلوے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داروں کے بنگلے اونچے ہوگئے مگر مزدور اپنے گھر سے بھی محروم ہے، میں خود ایک مزدور ہوں اور مزدور کا بیٹا ہوں، میں جانتا ہوں غریب کا دن کیسا گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی نظام کے تحت چل رہے ہیں، یہ لوگ انگریز کے غلام ہیں ، ان لوگوں نے بینکوں سے قرضے لیکر اپنے بچوں کو صنعت کار بنایا، ، پاکستان میں پچاس گھرانے ملک کے تمام وسائل کو کنٹرول کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ فعال ہے، امریکی سفیر الیکشن کمشنر سے ملتے ہیں، خیبر پختون خوا اور پنجاب کے دورے کرتے ہیں تاکہ ان کے ایجنٹوں کو شکست نہ ہو اور کوئی انقلابی جماعت کامیاب نہ ہو۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے تباہ کیا، ریلوے کے مزدور کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، جاگیرداروں، امریکی وفاداروں کی پارٹیوں کی حکومت میں مزدور ترقی نہیں کرے گا، ہر پاکستانی آئی ایم ایف کا مقروض ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور کابینہ میں 100 فیصد جاگیردار اور سرمایہ کار موجود ہیں، آٹا مافیا، پٹرول، شوگر مافیا صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، جن لوگوں کو عوام اپنی بات سنانا چاہتے ہیں وہ اندھے اور بہرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے کے ہر طبقے میں غریب آدمی کو وی آئی پی کا درجہ ملے، جماعت اسلامی کی حکومت میں پیسہ غریبوں پر لگایا جائے گا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ بلوچستان، سندھ کی ترقی کے راستے میں جاگیردار اور پنجاب کی ترقی کے راستے میں بدمعاش چوہدری رکاوٹ ہے، ہم 8 فروری کو ان ظالموں کا یوم حساب بنا دیں گے۔