عام انتخابات 2024 کے لیے ملک کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔
نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بیرسٹر جہانگیر جدون نے جمع کرائے۔
اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے قصور کے حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کر ادیے گئے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے این اے 132 قصور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھاکہ نواز شریف لاہور کے این اے 130 اور مانسہرہ سے بھی الیکشن لڑیں گے، شہباز شریف لاہور کے این اے 123، صوبائی اسمبلی کی نشست جبکہ مریم نواز این اے 119 اور اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کیلئے انتخابات لڑیں گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار کاغذات نامزدگی 24 دسمبر تک جمع کرا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست بھی 24 دسمبر تک دے سکتی ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کی جائے گی.