اسلام آباد: عالمی سطح پر برینٹ کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے بعد نگران حکومت نئے سال کے پہلے ماہ جنوری 2024 کے پہلے ہاف میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔
آئل انڈسٹری کے اندازوں کے مطابق پٹرول اور کیروسین آئل کی قیمتوں میں ایک روپے تک کمی ہو سکتی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
او ایم سیز کے تخمینے ایکسچینج ریٹ اور موجودہ پٹرولیم لیوی اور جنرل سیل ٹیکس کی شرحوں میں صفر ایڈجسٹمنٹ پر مبنی ہیں۔حکومت پٹرول اور ایچ ایس ڈی پر 60 روپے فی لیٹر پی ایل اور جی ایس ٹی پر صفر کی شرح وصول کر رہی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر برینٹ تیل کی قیمتیں 16 دسمبر 2023 سے 77.95 ڈالر سے 81.07 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہیں۔ آخری جائزہ میں، حکومت نے ڈالر کے مقابلے میں 284.28 روپے کی شرح تبادلہ کا اطلاق کیا۔
خام تیل کی نقل و حمل کرنے والی تجارتی کمپنیوں نے یمن میں حوثی باغیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کے خطرے سے بچنے کے لیے بحیرہ احمر کے راستے کچھ ٹینکروں کو بھیجنا بند کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے جہازوں کے ری روٹ سے سفر میں تاخیر اور اضافی اخراجات میں اضافہ ہوگا۔