کراچی: شہر قائد میں آج کی صبح رواں سیزن کی سرد ترین قرار دی گئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے باعث سرد موسم کی شدت بڑھ چکی ہے اور صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی میں دن کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوائیں 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھے گی جب کہ بارش کا مغربی سسٹم بلوچستان میں 4 جنوری کو داخل ہونے کا امکان ہے، جو 5 جنوری تک بلوچستان کے کچھ حصوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
موجودہ موسمی نظام کے زیر اثرچاغی، کوئٹہ، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ میں ہلکی سے درمیانی بارش، آندھی،گرج چمک کے ساتھ (پہاڑوں پر برفباری) متوقع ہے۔ اس کے علاوہ قلعہ سیف اللہ، لورالائی، پشین، مستونگ، ژوب، قلات، موسیٰ خیل، خاران، ہرنائی، سبی، نوشکی، خضدار اور مکران کے ساحل 4 اور 5 جنوری کو بارش ہونے کی توقع ہے۔
اُدھر دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھائی رہے گی، جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں دن کا درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرجانے کا امکان ہے اور شدید دھند کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند والے ماحول کی نمائش صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔