اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ مجرم سزا کاٹ کر الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہوجاتا ہے۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی مدت کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ عدالتیں ڈیکلریشن دینے کا اختیار رکھتی ہیں، 2017 میں سپریم کورٹ نے قرار دیا جب حقائق تسلیم شدہ ہوں ڈیکلریشن دیاجا سکتا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کیسے ڈیکلریشن دے سکتا ہے، سپریم کورٹ کو یہ حق کیسے حاصل ہوا، کیا سپریم کورٹ آرٹیکل 62ون ایف کا براہ راست کورٹ آف لاء کے اختیار کا استعمال کر سکتی ہے، کیا الیکشن ٹربیونل کیا تاحیات نااہل بھی کر سکتا ہے، بجلی بل نادہندہ ہو یا بینک ڈیفالٹ ہو تو نااہلی ہو سکتی ہے، سوال یہ ہے کہ نااہلی تاحیات ہوگی یہ کہاں لکھا ہوا ہے، نااہلی تاحیات کا اصول توسمیع اللہ بلوچ کیس میں طے کیا گیا، کوئی سچا ہے یا نہیں یہ اصول تو ٹرائل کے بعد ہی طے ہو سکتا ہے، اسلام میں توبہ اور صراط المستقیم پر واپس آنے کا راستہ موجود ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد بھی سزا کاٹ کر الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہو جاتے ہیں، اہلیت سے متعلق دونوں آرٹیکل الیکشن سے قبل لاگو ہوتے ہیں، غداری ،زیادتی،قتل کے الزام کا سامنا کرنے والا الیکشن لڑ سکتا ہے لیکن معمولی خطا پر نااہلی تاحیات!