عامر خان کے داماد نے پیدل بارات لانے کی وجہ بتا دی

ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان کے داماد نوپور شیکھرے نے 8 کلو میٹر تک پیدل چل کر شادی کے مقام تک پہنچنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے، اس تقریب میں عامر خان کے داماد اپنے انوکھے انداز کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

نوپور شیکھرے نے اپنی شادی کے لیے شارٹس اور بنیان کا انتخاب کیا اور ساتھ ہی وہ روایتی انداز یعنی گھوڑے یا گاڑی پر بارات لانے کے بجائے اپنے دوستوں کے ہمراہ 8 کلو میٹر تک جاگنگ کرتے ہوئے شادی کے مقام تک پہنچے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
اب ایرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں اُن کی شادی کے یادگار اور خوبصورت لمحات کو دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں نوپور شیکھرے کے اپنے دوستوں کے ہمراہ پیدل شادی کے مقام تک پہنچنے سے لیکر اس جوڑی کے اپنے شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کرنے تک کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ویڈیو میں نوپور شیکھرے نے پیدل بارات لانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ “میں جب بھی اپنے گھر سے ایرا کے گھر تک جاتا تھا تو پیدل ہی جایا کرتا تھا، اس راستے سے میرا خاص اور جذباتی تعلق ہے، اسی وجہ سے شادی کے دن بھی ایرا کے گھر پیدل چل کر گیا”۔

واضح رہے کہ بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔

ایرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں منعقد کی جائیں گی، عامر خان اپنے خاندان کے ہمراہ 5 جنوری کو ہی اودے پور پہنچ گئے تھے اور آج سے اُن کی بیٹی ایرا خان کی شاہی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا،

اپنا تبصرہ بھیجیں