واشنگٹن: امریکی سرزمین کے مقامی باشندوں ریڈ انڈیئنز اور سفید فام مردوں میں خودکشی کی شرح میں تیزی سے اضافہ سامنے آیا ہے۔
امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے نئے اعداد و شمار کے مطابق ریڈ انڈیئنز خواتین میں خودکشی کی شرح میں 65 فیصد، مردوں میں 35 فیصد اور سفید فام مردوں میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مزید برآں خودکشی کے طریقوں میں اسلحے کا استعمال اور پھانسی تمام گروپس میں سب سے عام طریقہ تھا۔ اسکے علاوہ اعداد و شمار نے ریڈ انڈیئن خواتین میں پھانسی کے واقعات میں تقریباً 200 فیصد اضافے کا بھی اظہار کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ خودکشی کی روک تھام کی حکمت عملی مختلف نسلوں کے حساب سے آبادی میں لاگو کی جانی چاہیے۔
ٹوکیو، جاپان میں واسیڈا یونیورسٹی میں ڈاکٹر اور مذکورہ بالا تحقیق کے سرکردہ محقق ڈاکٹر بیبا دھنگل نے کہا کہ نتائج ریڈ انڈیئنز آبادی میں ذہنی صحت کے مسائل کے فوری حل پر زور دیتے ہیں۔ یہ کمیونٹی پر مبنی خودکشی کی روک تھام کی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔