عامر خان کی بیٹی آئرا کی گانا ‘آفریں آفریں’ کیساتھ میرج ہال میں انٹری

راجھستان: بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی آئرا خان نے اپنی سنگیت کی تقریب میں پاکستانی گانے ‘آفریں آفریں’ کے ساتھ انٹری کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے شہر اودے پور میں عامر خان کی بیٹی آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات جاری ہیں جن میں پہلے دن اس جوڑی کی مہندی کی رسم اور پاجامہ پارٹی ہوئی جبکہ گزشتہ شب 9 جنوری کو اس جوڑی کی سنگیت کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔

آئرا خان اور نوپور شیکھرے کے سنگیت کی تقریب کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس جوڑی نے سنگیت کی تقریب کے لیے گِرے اور سیاہ رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔
ایک ویڈیو میں آئرا خان اور نوپور شیکھرے میرج ہال میں انٹری دے رہے ہیں، اس جوڑی کی انٹری کے وقت معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور مومنہ مستحسن کا سُپر ہٹ گانا “آفرین آفرین” چلا گیا۔

میرج ہال میں موجود مہمانوں نے بھی پاکستانی گانا “آفریں آفریں” گنگنا کر آئرا خان اور نوپور شیکھرے کا استقبال کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک اور ویڈیو میں عامر خان، اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ اور بیٹا آزاد خان اسٹیج پر بیٹھے آئرا کے لیے بالی ووڈ گانا “پھولوں کا تاروں کا” گا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آئرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔

بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔
آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 8 جنوری سے راجھستان کے شہر اودے پور میں ہوا تھا جبکہ اس جوڑی کا استقبالیہ 13 جنوری کو ممبئی میں ہوگا جس میں سلمان خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، امیتابھ بچن، کرن جوہر، اکشے کمار، کرینہ کپور، راجکمار ہیرانی، جوہی چاولہ، راکیش اوم پرکاش سمیت دیگر بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں