“فلمیں فلاپ ہوئیں تو سب نے کہا میرا کیریئر ختم ہوگیا ہے”، شاہ رخ خان

نئی دہلی: بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ کچھ سال پہلے جب اُن کی فلمیں فلاپ ہوئیں تو سب نے کہا تھا کہ فلمی دُنیا میں اُن کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔

شاہ رخ خان نے سال 2023 میں ایک کے بعد ایک سُپر ہٹ فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ دینے کے بعد یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ہی بالی ووڈ کے بادشاہ ہیں، میگا اسٹار کی ان تینوں فلموں نے باکس آفس پر حکمرانی کرتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑے۔

بالی ووڈ کنگ کی اسی ریکارڈ توڑ کامیابی کے پیشِ نظر 10 جنوری کو نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران اُنہیں ’سی این این نیوز 18 انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، اس موقع پر شاہ رخ خان نے تقریر کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا وہ وقت یاد کیا جب اُن کی فلمیں فلاپ ہوئیں۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ “ہر انسان کو پُرسکون رہ کر محنت کرنی چاہیے اور ایسی محنت کا پھل بھی بہترین ہوتا ہے، میں بھی اسی طرح محنت کرنے پر یقین رکھنا ہوں”۔

اداکار نے کہا کہ “میں ایک خوش مزاج انسان ہوں اور میں اپنی فلموں میں بھی ایسے کردار کرنا پسند کرتا ہوں جنہیں دیکھ کر میرے مداحوں کو اُمیدیں ملیں”۔

اُنہوں نے اپنے کیریئر کا بُرا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ “کچھ سال پہلے میری فلمیں فلاپ ہوئیں تو لوگوں نے مجھے کہا کہ بالی ووڈ میں اب تمہارا کیریئر ختم ہوگیا ہے، مجھے دُکھ ہوا لیکن اُس مشکل وقت نے مجھے سیکھایا کہ خاموشی سے محنت جاری رکھو اور پھر اپنی محنت کے اچھے نتائج کا انتظار کرو”۔

شاہ رخ خان نے ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ ملنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوں لیکن میں یہاں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں ایوارڈ ملنے سے پہلے بھی ایک بھارتی تھا اور آنے والے سالوں میں بھی بھارتی ہی رہوں گا”۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ 21 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم اب تک پوری دنیا سے 400 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں