اوٹاوا: کینیڈا میں نیشنل پارکس کے ذمہ دار ادارے نیشنل پارکس کینیڈا نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ موس سے اپنی گاڑیوں کو چٹوانے کے لیے ہائی ویز پر نہ رکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارکس کینیڈا کی ترجمان ٹریسی میکے نے کہا کہ موس گاڑیوں کی سطح پر لگے نمکین مادوں کو چاٹتے اور شہریوں کی جانب سے اس کی حوصلہ فزائی کرنے سے ان جانوروں میں سڑکوں اور گاڑیوں کا خوف ختم ہو جاتا ہے۔
ٹریسی نے مقامی نیوز کو بتایا کہ بدقسمتی سے شہریوں کے اس قسم کے رویے سے موس کے گاڑیوں کی زد میں آکر زخمی یا ہلاک ہونے کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ البرٹا کے جیسپر نیشنل پارک کے علاقے میں ہر سال اوسطاً چار موس سڑکوں پر آکر ٹریفک حادثات کے باعث مرجاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2020 میں اس پیغام کے ساتھ الیکٹرانک روڈ سائن پوسٹ کیے گئے تھے کہ موس کو اپنی گاڑی کو چاٹنے نہ دیں لیکن حکام ابھی تک سردیوں میں موس کو سڑکوں سے دور رکھنے کیلئے کوئی طویل مدتی حل تلاش کررہے ہیں۔