پشاور: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جو پاکستان کا قانون نہیں مانتا وہ یہاں سے چلا جائے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختون خوا پولیس دربار کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کے پی پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کے پی پولیس کے شہدا کے ورثا کوئی معمولی نہیں بہت بڑے لوگ ہیں۔ میں ایک مقروض کی حیثیت سے یہاں آیا ہوں۔ آپ لوگوں کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے۔
بعض اوقات ہم آپ کو وہ مالی امداد نہیں دے پاتے جو دینی چاہیے۔
نگراں وزیراعظم نے دہشت گردوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرے ہوئے لوگ ہیں جنہوں نے اس شہر میں بچوں کو قتل کیا۔ میں نے بیماری یا خودکش حملے میں مر جانا ہے یہ فیصلہ اللہ کا ہو گا۔ یہ دین اور اسلام کے نام پر لوگوں کو ڈراتے ہیں۔ اللہ نے زندگی اور موت کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔ ہم پر 10حملے کریں گے ان کو ایک ہزار بار جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شر کا ساتھ دینے والے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ اے پی ایس میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا،ان بےغیرتوں کو حیا آنی چاہیے۔ ہم ان دہشت گردوں سے نہیں ڈرتے۔ ہم سب اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔ یہ دہشت گرد ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں ، ہم ان کے خلاف کامیاب ہو چکے ہیں اور ہمیں اپنے اس سفر پر گامزن رہنا چاہیے۔