پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق صوابی اڈہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما شاہ خالد جاں بحق ہو گئے۔
موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد جمع کرکے لاش اسپتال منتقل کی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پختونخوا میں شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
اُدھر بلوچستان کے علاقے کیچ میں بھی گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر، سینیٹر اور آئندہ عام انتخابات کے لیے حلقہ 258 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اسلم بلیدی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔