فیصل آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کے سیاست دان جب بھی بیمار ہوتے ہیں تو لندن جاکر علاج کراتے ہیں ہم ان کے دل کے علاج کا یہیں بندوبست کردیں گے۔
فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پنجاب کے سیاست دان جب بھی بیمار ہوتے ہیں تو لندن جاکر علاج کراتے ہیں، عوام مجھے حکومت میں لائیں تو ان سیاست دانوں کو دور نہیں جانا پڑے گا ہم ان سیاست دانوں کے دل کے علاج کا بندوبست کردیں گے منشور کے مطابق پنجاب کے ہر ضلع میں مفت علاج کا اسپتال کھڑا کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھر بناکردیں گے یہ کام سندھ میں ہوسکتا ہے تو پنجاب میں بھی گھر بناکر دیں گے ہم پنجاب کی ہر کچی آبادی کو ریگولرائز اور مالکانہ حقوق دیں گے۔
بلاول نے کہا کہ ایک بار پھر عوامی حکومت بنانی ہے عوامی راج قائم کرنا ہے ایک بار پھر جیالے کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنانا ہے عوام میرا ساتھ دیں تو ہمیں کوئی طاقت نہیں روک سکتی، کوئی الیکشن جیل سے بچنے کے لیے لڑرہا ہے لیکن ہم عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں ہم پاکستان کے عوام کی قسمت بدل دیں گے، پاکستان کو معاشی بحران سے صرف پیپلز پارٹی ہی نکال سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گھر گھر جاکر بتائیں گے آپ کی تخواہ و آمدنی دگنی کریں گے اور تین سو یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔