راجھستان: بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان نے اپنی اکلوتی بیٹی آئرا خان اور نوپو شیکھرے کی شادی میں اپنی دونوں سابقہ بیویوں کے ہمراہ فیملی فوٹو بنوائی جوکہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
10 جنوری کو بھارتی ریاست راجھستان کے شہر اودے پور میں عامر خان کی بیٹی آئرا خان کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، اُنہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں اسلام کے بجائے مسیحی مذہب کے مطابق شادی کی۔
آئرا خان نے اپنی شادی کے سفید رنگ کا گاؤن زیب تن کیا جبکہ اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے پینٹ سوٹ میں ملبوس تھے، اس موقع پر اس جوڑی نے ایک دوسرے کو انگوٹھی بھی پہنائی۔
بیٹی کی شادی پر عامر خان جذباتی نظر آئے، ایک ویڈیو میں اداکار کو اپنے آنسو صاف کرتے ہوئے دکھایا گیا، آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی خوبصورت ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
صارفین کی جانب سے جوڑی کو شادی کی مبارکباد بھی دی جارہی ہے جبکہ کچھ صارفین مسیحی مذہب کے مطابق شادی کرنے پر عامر خان اور اُن کی بیٹی کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
انہی وائرل تصاویر میں عامر خان کی فیملی فوٹو کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے، اس فیملی فوٹو عامر خان کی بیٹی آئرا خان، دونوں بیٹے جنید اور آزاد خان، اور دونوں سابقہ بیویاں رینہ دتہ اور کرن راؤ پوز دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر میں آئرا خان اپنی والدہ رینہ دتہ اور والد عامر خان کے ہمراہ اسٹیج کی طرف آرہی ہیں۔
واضح رہے کہ آئرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔
بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔
آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 8 جنوری سے راجھستان کے شہر اودے پور میں ہوا تھا جبکہ اس جوڑی کا استقبالیہ 13 جنوری کو ممبئی میں ہوگا جس میں سلمان خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، امیتابھ بچن، کرن جوہر، اکشے کمار، کرینہ کپور، راجکمار ہیرانی، جوہی چاولہ، راکیش اوم پرکاش سمیت دیگر بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گی۔