لاہور: پاکستان کے اسٹار گلوکار ساحر علی بگا اور معروف یوکرینی گلوکارہ و اداکارہ کمالیہ کا نیا پنجابی ریمکس گانا ”لٹھے دی چادر” 15 جنوری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نامور اسٹار گلوکار ساحر بگا اور سابقہ مس ورلڈ، معروف گلوکارہ و اداکارہ کمالیہ نے اپنے نئے پنجابی گانے “لٹھے دی چادر” کی ریلیز کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اس گانے کو نامور میوزک پروڈیوسر نعمان رؤف حیدر نے پروڈیوس کیا ہے۔
نعمان حیدر پروڈکشن میں بننے والے گانے کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹین آرم میوزک پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جائے گا، اس گانے کی تحریر و کمپوزیشن عرفان سلیم نے کی جبکہ میوزک مجتبی علی نے ترتیب دیا ہے۔
معروف یوکرینی گلوکارہ کمالیہ اس سے قبل بھی اپنا سولو گانا پریٹی گرل ریلیز کر چکی ہیں جس کو میوزک کی دنیا میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی تھی جبکہ ان کے نئے پنجابی گانے کو لاہور میں عکس بند کیا گیا جس کو صہیب راۓ نے ڈائریکٹ کیا۔
اس موقع پر راک اسٹار گلوکار ساحر علی بگا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پہلے گانوں کی طرح یہ پنجابی ثقافت کا ہردلعزیز گانا ‘لٹھے دی چادر” ایک یادگار گانا ثابت ہوگا جس کی خاص بات یہ ہے کہ یوکرینی گلوکارہ کمالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر پرفارم کیا گیا ہے۔
ساحر علی بگا نے کہا کہ اس گانے کی پروڈکشن بین الاقوامی معیار کے مطابق کی گئی ہے، میوزک کے دلدادہ افراد کو اچھی موسیقی کے ساتھ اپنا کلچر بھی دیکھنے کو ملے گا، گانے کو رواں ماہ ریلیز کیا جائے گا۔