اسلام آباد / پشاور: پاک افغان سرحد طورخم سے پاکستان میں داخلے کے لیے تجارتی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے بھی ویزا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کے بعد پاسپورٹ اور ویزا کے ذریعے مسافر اور تجارتی قافلوں کو آمدورفت کی اجازت ہے۔ اس سلسلے میں طورخم بارڈر پر قانونی طریقے سے دو طرفہ آمدورفت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
طورخم بارڈر پر دونوں ممالک کے حکام نے گزشتہ دنوں ملاقات میں قانونی طور پر آمدورفت کے لیے سفری دستاویزات پر میٹنگ کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک سے آمدورفت کے لیے پاسپورٹ اور ویزا ہونے چاہیے۔
ان اہم اقدامات کا مقصد قانونی طور پر تجارت کو مستحکم کرنا، سیکیورٹی میں بہتری اور اسمگلنگ کی روک تھام ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے قانونی دستاویزات کے اعلان کے بعد تاجر اور ٹرک ڈرائیورز نے ان اقدامات کا خیر مقدم کیا۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا، ایسے اقدامات پر ہم بہت خوش ہیں۔
کسٹم انسپکٹرعالم زیب نے کہا کہ ویزا ایمپلیمنٹیشن سسٹم پوری دنیا میں قانون کے مطابق رائج ہے، یہاں پر ویزا سسٹم سے تاجروں اور عوام دونوں کو یکساں فائدہ ہے۔ انچارج ایف آئی اے انعام الحق کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی نئی ویزا پالیسی سے باڈر سے آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنا آسان ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ڈرائیورز صرف پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان میں داخل ہو سکتے تھے۔