نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ سے قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عباس آفریدی انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی پٹھوں میں کھچاؤ کی وجہ سے کیویز کیخلاف تیسرے ٹی20 میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
فاسٹ بولر کے ایم آر آئی اسکین میں کوئی بڑی انجری کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم انہیں تیسرے میچ میں آرام کروایا جائے گا جبکہ اگلے دو میچز کے حوالے سے فیصلہ بھی جلد کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے خلاف بقیہ ٹی20 میچز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہیمسٹرنگ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
سیریز کے دوسرے ٹی20 میں کین ولیمسن 15 گیندوں پر 26 رنز بنا کر انجری کے باعث ریٹائرڈ ہٹ ہوگئے تھے جبکہ انکے بعد ٹیم کی قیادت ٹم ساؤتھی نے کی تھی۔