ٹوکیو: جاپان کے نیو چٹوز ہوائی اڈے میں دو مسافر طیارے رن وے پر آپس میں ٹکرا گئے جن میں سے ایک طیارے میں 280 سے زائد افراد موجود تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں دو ہفتوں کے دوران دوسری بار دو مسافر بردار طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ تازہ واقعہ شہر ہوکائیڈو میں نیو چٹوز ہوائی اڈے پر پیش آیا۔
کورین ایئر لائن کے طیارے میں 289 مسافر موجود تھے جو رن وے پر کھڑے ہانگ کانگ کی ایئرلائن کیتھے پیسفیک سے ٹکرایا گیا جس میں کوئی مسافر نہیں تھا۔ تصادم کے بعد رن وے پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں : جاپان ایئرلائنز اور کوسٹ گارڈ طیارے میں تصادم میں 5 مسافر ہلاک؛ 379 افراد کو بچالیا گیا
سیکیورٹی حکام نے حادثے کے شکار طیاروں کے ارد گرد کے علاقے کو حصار میں لے لیا جب کہ فائر بریگیڈ اور ایوی ایشن کے عملے نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔
تاحال حادثے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ برفباری کے باعث نیو چٹوز ایئرپورٹ پر درجنوں پروازیں پہلے ہی منسوخ ہیں۔
یاد رہے کہ 2 جنوری کو ٹوکیو کے ہنیدا ہوائی اڈے پر جاپان ایئر لائنز اور کوسٹ گارڈ طیارے کے تصادم میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔