کراچی: پیپلز چورنگی پر نامعلوم ملزمان واٹر بورڈ انسپکٹر کو قتل کرکے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود مزار قائد کے قریب پیپلزچورنگی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ۔
مقتول کی شناخت 59 سالہ فہیم الحسن ولد سعید الحسن کے نام سے کی گئی ، جو مکان نمبر 127-S بلاک 2 پی ای سی ایچ ایس طارق روڈ کا رہائشی تھا ۔ مقتول کے بھائی ندیم نے ایکسپریس کو بتایا کہ فہیم الحسن 3 بچوں کا باپ اور واٹر بورڈ میں بطور انسپکٹر ملازم تھا اور لیاقت آباد ٹیکس آفس میں واقع واٹر بورڈ کے دفتر میں ڈیوٹی انجام دیتا تھا ۔
مقتول نے لیاقت آباد میں غیر قانونی عمارتیں تعمیر کرنے والے بلڈر مافیا کے خلاف مہم شروع کی ہوئی تھی جب کہ غیر قانونی عمارتیں تعمیر کرنے والے 2 بلڈرز کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروا رکھی تھی، علاوہ ازیں اس نے اپنے خلاف قتل کی دھمکیاں دینے پر بھی لیاقت آباد تھانے میں 2 بلڈرز کے خلاف درخواست دے رکھی تھی۔ مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ فہیم الحسن نے اپنے قاتلوں کے بارے میں پولیس کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا ۔
جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب فہیم الحسن لیاقت آباد سے گھر کی طرف جا رہا تھا کہ پیپلز چورنگی کے قریب ملزمان نے عقب سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فہیم کو بائیں بازو پر ایک اور کمر پر دوسری گولی لگی ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش اس کے بھائی اور بہنوئی کے حوالے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔