اسلام آباد: سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری کے بغیر آئندہ حکومت چلانا بہت مشکل ہو گا۔ پارٹیاں تو اب میدان میں2ہیں۔ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اب 2ہی کی گیم ہے، پی ٹی آئی تو الیکشن سے ہی نکل گئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا اگر اللہ کی طرف سے معجزہ ہوگا تو آنے والی حکومت 2سال چلے گی۔ ورنہ گیارہ ، بارہ مہینے رہے گی۔ حکومت گیارہ ماہ تک چلنی ہے تو پی ڈی ایم ٹو نہیں بنے گی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) اکٹھے نہیں بیٹھیں گی۔ جیتنے والے آزاد ارکان ہی حکومت کا فیصلہ کریں گے۔ آئی پی پی کا بھی کردار نظر آ رہا ہے۔ آزاد امیدوار کو توڑنے کی ضرورت نہیں، وہ ہوا کے رخ کا تعین کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بورڈ پر تو آصف زرداری ماہر ہیں، ایوان صدر میں ان کی تصویریں لگتی نظر آ رہی ہیں۔ میں پیپلزپارٹی میں شامل نہیں ہو رہا۔ خلائی مخلوق نواز شریف کا سلوگن تھا توان کو بھی کلین چٹ مل گئی۔
(ن) لیگ کی سیٹیں100سے کم ہونگی، آصف زرداری کو کہا کہ ایکسپائرڈ لیڈرز ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ ان کا بیٹا اور آپ جیسے جوان لوگ ہیں ملک آگے چلائیں۔ اس گیم میں ایکسپائر ہونا بہت ضروری ہے لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں۔تین چار خود ساختہ ہیرو ہیں ، ان کو تبدیل ہی نہیں کیا جا رہا۔ مسئلہ یہ ہے کہ ولن ایک ہی ہے ، ہیروتبدیل کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار جیسے لوگوں کو لائیں گے تو کیا یہ صورتحال درست کریں گے؟پی پی اور (ن) لیگ جو تباہی کی ذمہ دار ہیں کیا یہ صورتحال بہتر کریں گی۔ سپریم کورٹ کے جن ججوں نے استعفے دیئے ہیں ان کی کرپشن کی فائلز ہیں۔ نسلہ ٹاور غریبوں کا تھا ، اسے گرا دیا۔ منظوری دینے والوں کو کچھ نہیں کہا گیا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جیسے بکرا منڈی میں بھائو لگتا ہے، یہاں آزادامیدواروں کا بھائو بھی لگے گا۔ کھلاڑی کا بھائو بھی لگے گا۔ بڑے کھلاڑی کا بھی بھائو لگے گا۔ جو اچھا بھائو لگائے گا ، وہ میدان میں آئے گا، اس کے ساتھ مال لپیٹے گا۔