لاہور: ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کیں۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے کہا کہ مونس الٰہی نے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کیں ۔ کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے گئے، مونس الٰہی مفرور اور اشتہاری قرار دیے جاچکے ہیں ۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مونس الٰہی اب بھی بیرون ملک میں مقیم ہیں ۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے مطابق مونس الٰہی 2 مقدمات میں اشتہاری ہوچکے ہیں جب کہ ان کے تجویز کنندہ اور تصدیق کنندہ جانچ پڑتال کے دوران پیش نہیں ہوئے ۔
لاہور ہائی کورت نے فیصلہ دیا کہ عدالت مونس الٰہی کی درخواست کو خارج کرنے کا حکم دیتی ہے ۔
واضح رہے کہ مونس الٰہی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 گجرات سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کیا گیا تھا۔