لاہور: شدید دھند کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں 25 سے 28 جنوری تک بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوگی۔ پنجاب کے میدانی علاقے جنوری کے آخری ہفتے بھی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مری اور گرد و نواح میں بارش اور برف باری متوقع ہے، مری میں سیاحوں کی سہولیات کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
خشک سردی سے مختلف بیماریوں کا پھیلاؤ تیز ہو رہا ہے، بارشوں کا سلسلہ وبائی امراض میں کمی کا باعث ہوگا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کی ہدایت ہے کہ موسم کی تلخی کم ہونے تک نقل و حمل میں احتیاط ضروری ہے جبکہ ہیٹر کے استعمال میں لاپروائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔