ملکہ کوہسار مری میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری شروع

راولپنڈی: ملکہ کوہسار مری میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی جبکہ ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے جھیکا گلی، کشمیر پوائنٹ، مال روڈ اور کلڈنہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی سی مری نے بعد ازاں کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں تمام اہلکار اور مشینری فعال ہیں۔

سہولت مراکز میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اہلکار مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں، مشینری کے ساتھ برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
ڈی سی مری کے مطابق سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے انتظامیہ نے اقدامات کیے ہیں جہاں نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے، اب تک مری میں 0.5 انچ برف پڑی ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ تمام انتظامی ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔

دوسری جانب، بالاکوٹ و گردونواح میں بارش اور وادی کاغان میں برفباری کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے جس سے موسم سرد اور خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا۔

شوگران میں 8انچ، سری پائے، ناران اور ملحقہ وادیوں میں ایک فٹ سے زائد برفباری پڑ چکی ہے۔ برفباری کے بعد ناران کا درجہ حرارت منفی 4، کاغان منفی 2 جبکہ شوگران میں منفی 1 تک پہنچ گیا۔

وادی نیلم میں بھی طویل ترین خشک سالی کے بعد برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ بالائی وادی نیلم کی سب ویلی گریس، سرگن اور شونٹھر کی رابطہ سٹرکیں بند ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں