پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پاکستان مخالف فلاپ فلم ‘فائٹر’ کی ٹیم کو اہم سبق سیکھا دیا۔
25 جنوری کو ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ‘فائٹر’ باکس آفس پر زیادہ دن تک حکمرانی نہیں کرسکی اور بھارتی میڈیا نے فلم کو ریلیز کے پانچویں دن فلاپ قرار دے دیا۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق حب الوطنی کا تڑکا اور پاکستان مخالف مواد ہونے کے باوجود بھی فلم ‘فائٹر’ شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف نہیں کھینچ سکی۔
فلم کے فلاپ ہونے کے بعد جہاں شائقین نے ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کا مذاق اُڑایا تو وہیں اب پاکستانی اسٹار عدنان صدیقی نے ‘فائٹر’ کی ٹیم کے نام سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔
عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ “فلاپ شو کے بعد ‘فائٹر’ کی ٹیم کو ایک سبق دینا چاہتا ہوں کہ اپنے سامعین کی ذہانت کی توہین نہ کریں کیونکہ وہ ایجنڈوں کو پہچان سکتے ہیں”۔
اداکار نے مزید کہا کہ “انٹرٹینمنٹ اور شوبز کی دُنیا کو غیر ضروری سیاست سے پاک رکھیں”۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘فائٹر’ ریلیز کے چوتھے دن 200 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی تھی جبکہ پانچویں دن فلم کے بزنس میں 70 سے 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پاکستان مخالف فلم کو فلاپ قرار دے دیا گیا۔
فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون نے انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کیا ہے جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے۔