ڈیرہ اسماعیل خان: ڈی آئی خان کے تھانہ چودھوان پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ چودھوان کی عمارت پر تعینات پولیس اہلکاروں کو دہشت گردوں نے رات گئے اسنائپر سے نشانہ بنایا، دہشت گردوں نے تھانہ میں گھس کر دستی بموں کا استعمال کیا، دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی جب کہ فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے، ایس ایچ او محفوظ رہے۔
افسوسناک واقعے کی فوری اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری لائن پولیس ڈیرہ سے روانہ کردی گئی۔ بعدازاں دہشت گردوں کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری لائن پولیس ڈیرہ سے روانہ ہوئی، ڈی ایس پی درابن ملک انیس الحسن کے ہمراہ تھانہ چودھوان کی عمارت میں داخل ہوئی جہاں سرچ آپریشن کیا گیا۔ پولیس نے جنوبی وزیرستان، درازندہ اور ڈیرہ غازی خان کے راستوں پر چیکنگ شروع کردی۔
ڈی ایس پی درابن کے مطابق واقعے میں دس اہلکار شہید ہوئے ان میں چار ایلیٹ فورس کے جوان اور چھ ضلع ڈیرہ کے ہیں، ایلیٹ فورس صوابی کی پلاٹون تھانہ چودھوان پر تعینات ہیں، شہدا میں محمد اسلم، غلام فرید، محمد جاوید، محمد ادریس، محمد عمران، منصور، اے ایس آئی کوثر ایلیٹ فورس، احترام ایلیٹ فورس، رفیع اللہ ایلیٹ فورس، حمید الحق ایلیٹ فورس شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں احمد حسین، اکبر زمان، عنایت اللہ، سہراب خان، ابراہیم اور نصیب خان شامل ہیں۔
دریں اثنا پاک فوج نے تھانہ چودھوان کی سیکورٹی سنبھال لی، پاک فوج کے جوانوں نے تھانہ چودھوان میں کلئیر آپریشن مکمل کرلیا اور نزدیکی جنگلوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔