لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سُپر لیگ) کے سیزن 9 کے ترانے کا نام بتادیا۔
ہر سال کی طرح، 2024 کے بھی پی ایس ایل کا میلہ سجنے والا ہے جس میں چند دن باقی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ شائقین اس سیزن کے ترانے کا انتظار کررہے ہیں۔
شائقین کرکٹ کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پی ایس ایل کے ترانے کے حوالے سے پوسٹ جاری کی ہے۔
علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کی پوسٹ ری ٹوئٹ کی جس میں ترانے کی دُھن تھی اور ساتھ ہی پوسٹ پر لکھا تھا کہ ‘جب مقابلہ ہو ٹکر کا تو کُھل کے کھیل”ْ۔
گلوکار نے اس یہ پوسٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ “اس بار پی ایس ایل کا ترانہ کھیلنے اور بے خوف ہو کر جینے کے بارے میں ہے تو اسی لیے میں نے “کُھل کے کھیل” کے عنوان سے ترانہ لکھا ہے”۔
اُنہوں نے شائقین کرکٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ “ڈانس کے لیے اپنے جوتے تیار کرلیں کیونکہ ترانہ بہت جلد آنے والا ہے”۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔